ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل انجمن انجنئیرنگ کالج میں ’گریجویشن ڈے ‘ کا انعقاد : مقررین نے کی طلبا کو کئی نصیحتیں ، بتائے آگے بڑھنے کے گُر

بھٹکل انجمن انجنئیرنگ کالج میں ’گریجویشن ڈے ‘ کا انعقاد : مقررین نے کی طلبا کو کئی نصیحتیں ، بتائے آگے بڑھنے کے گُر

Wed, 18 Aug 2021 19:23:24    S.O. News Service

بھٹکل:18؍اگست (ایس اؤ نیوز)انجمن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ ٹکنالوجی بھٹکل کے طلبا آج جب اپنی گریجویشن کی تعلیم کو پورا کئے ہیں تو انہیں  اس موقع پر اپنے والدین کی  بے مثال اور عظیم قربانیوں اور اساتذہ کی محنتوں کو یاد کرتےہوئےاپنی زندگی کی آگے کی منزلیں طئےکرنا چاہئے۔ این جی ٹی اینڈ عوض گروپ آف کمپنیز کے چیرمن عتیق الرحمن منیری نے ان خیالات کا اظہار کیا۔

وہ یہاں انجمن انجنئیرنگ کالج بھٹکل میں 18اگست 2021بروز بدھ کو منعقدہ ’گریجویشن ڈے ‘ کے پروگرام میں مہمان ِ خصوصی کے طورپر طلبا سے مخاطب تھے۔ موصوف  نے اپنی بات کو جاری رکھتےہوئے طلبا کی تعلیمی ترقی میں اپنا اہم کردار اداکرنے والے  انتظامیہ ، والدین اور اساتذہ کو ان کی محنتوں اور قربانیوں کی ستائش کرتےہوئے  کہاکہ طلبا   نے تعلیمی دور میں جن تکالیف اور پریشانیوں کو جھیلا ہے اس  سے کہیں زیادہ والدین نے جھیلا ہے ان کی بے مثال قربانیاں ہی ہیں جو طلبا کو آج اس مقام پر پہنچائی ہیں۔ طلبا کو چاہئے کہ وہ اس کو ہمیشہ یاد رکھیں۔ ساتھ ہی اپنے اساتذہ کی محنتوں کو بھی یاد رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ  طلبا کو سوچنا چاہئےکہ ایک لمبی مدت تک والدین نے  آپ کے ہر ناز ونخروں کو  برداشت کیا ، اپنی بساط بھر  کوششوں سے آپ  کی  ضروریات کو پورا کیا تب کہیں جا کر یہ مقام ملا ہے۔ اس موقع پر طلباکے لئے ضروری ہے کہ جو کچھ تم نے پایا ہے وہ سماج، ملک اور قوم کو لوٹائیں۔ علم ٹھہرا ہوا پانی نہیں بلکہ بہتی ندی کی مانند ہے اس پر عمل کیجئے تجربات سے فائدہ اٹھائیے اور ترقی کی منزلیں طئے کیجئے۔

پروگرام میں اعزازی مہمان کی حیثیت سے دبئی سائبر سکیورٹی پروڈکٹس اینڈ سرویسس ، آر اے ایس انفوٹک لمیٹیڈ کے جنرل مینجراور انجمن کے الومنی  ایس ایم سید علی سفیان نے  خطاب کرتےہوئےکہاکہ   گریجویشن ڈے کا مطلب سیکھنے کافن ختم نہیں بلکہ یہیں سے اس کی شروعات ہوتی ہے۔ اس کے بعد جو بھی مواقع ملیں گے اس کو غنیمت جان کر فائدہ اٹھائیے ۔ اپنے علم، صلاحیت ، قابلیت سے جو بھی موقع ملے اس کو ترقی دیتے ہوئے چمکائیے ، طلبا کا اصل یہی کام ہونا چاہئے۔ طلبا  زندگی میں ہمیشہ آگے  قدم بڑھاتے رہیں ،کہیں رک نہ جائیں اور اسی دوران  آپ اپنی  قوم، ملک، سماج اور کالج کے لئے خدمات بھی دیتے  رہیں۔

گریجویشن ڈے کا آغاز ایاد احمد سکری کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ کالج پرنسپال ڈاکٹر مشتاق احمد بھاوی کٹی نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ ڈاکٹر اننت مورتی شاستری نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ کالج سکریٹری محی الدین رکن الدین نے اپنے خیالات کااظہار کیا۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے انتظامیہ ممبر ڈاکٹر محمد زبیر کولا نے گریجویشن ڈے کی صدارت کی۔ پروفیسر سید ابراہیم کریکال نے شکریہ ادا کیا۔ محمد ذورئق ، عاکف اشعر خان اور محمد اکراش نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ پروگرام میں ڈگری کی تکمیل کرنے والے  سبھی طلبا و طالبات کے درمیان کورس تکمیل کی اسناد اور میمونٹو  تقسیم کیاگیا۔ ڈائس پر انجمن کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل ، ایڈیشنل جنرل سکریٹری محمد اسحق شاہ بندری  موجود تھے۔


Share: